کراچی : سی اے اے کی رن وے 25 ایل پر پھسلن کے خطرے سے متعلق وارننگ

114

کراچی : پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے 25 ایل پر رات کے اوقات میں گیلی صورتحال کے باعث طیاروں کے پھسلنے کے خطرے سے متعلق وارننگ جاری کر دی ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے رات کے وقت اوس کی مقدار میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث رن وے پر پھسلن کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

سی اے اے نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے پائلٹس کو خاص طور پر لینڈنگ کے دوران احتیاط کی ہدایت کی ہے اور ایئرلائنز کو اس بات کا پابند کیا ہے کہ وہ ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران مکمل احتیاطی تدابیر اپنائیں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔

سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ وہ صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور پائلٹس کو حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

کراچی کا موسم

دوسری جانب کراچی کا موسم آئندہ چند دنوں میں خشک رہنے کا امکان ہے، جہاں درجہ حرارت 21 سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔ شہر میں نمی کی سطح 88 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے، تاہم بارش کا کوئی امکان نہیں ہے ۔

موسم کی پیش گوئی کے مطابق آج درجہ حرارت میں معمولی کمی آئے گی ۔ جمعرات کو جزوی طور پر بادل چھانے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 20 سے 22 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ کراچی میں نومبر کے وسط سے رات کے وقت درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔