پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلنا یا آسٹریلیا میں کھیلنا ہمیشہ ایک چیلنج ہوتا ہے ،آسٹریلیا کی کنڈیشن اتنی آسان نہیں ہوگی کیا بہتر کرسکتے ہیں اس پر کام کر رہے ہیں۔
برسبین میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ جب آپ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتے ہیں تو چیلنجز تو آتے ہیں، ٹی 20 سیریز میں بیسٹ الیون ہی میدان میں اتاریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پلیئنگ الیون پر بات ہوئی ہے لیکن کچھ چیزیں سیکریٹ ہیں، میری کپتانی میں ہیڈ کوچ سے نوجوان کھلاڑی تک سب سے مشورہ کرتا ہوں، جو ٹیم کے لیے بہتر ہوگا وہ فیصلے کریں گے، پہلی ترجیح ہماری آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتنا ہے۔
محمد رضوان نے کہا کہ کوچ جیسن گلیسپی کا تعلق آسٹریلیا سے ہے لیکن وہ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، جیسن گلیسپی کو ہماری جیت کا کریڈٹ جاتا ہے وہ ایک بہترین کوچ ہیں ،وہ بہت محنت کرتے ہیں اور ٹیم کو جوڑ کر رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فخر زمان، افتخار احمد، محمد عامر اور شاداب خان بڑے کھلاڑی ہیں اور انہوں نے کافی عرصے تک پاکستان کے لیے خدمات انجام دی ہیں، ان کی کمی آسانی سے پوری نہیں ہو سکتی، بھارتی ٹیم آئے گی تو انہیں ویلکم کریں گے تاہم یہ بورڈز کے فیصلے ہیں کہ کیا کرنا ہے اور کیا نہیں، ہمیں امید ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی۔