ایف بی آر کا ٹیکسوں کی ادائیگیوں کا نیا مربوط سسٹم ای پیمنٹ 2.0 متعارف

192

اسلام آباد :فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر )نے ٹیکس کے ملکی نظام کو جدید بنانے کے لیے ادائیگیوں کا نیا سسٹم ای پیمنٹ 2.0  متعارف کرا تے ہوئے کہا ہےکہ ادائیگیوں کا یہ نیا سسٹم آئی آرآئی ایس 2.0 پورٹل میں دستیاب ہے، یہ جدید پلیٹ فارم ہے جو ملک بھر کے ٹیکس دہندگان کے لیے ادائیگی کے عمل کو آسان بنائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف بی آر ترجمان نے کہا کہ  ای پیمنٹ سسٹم سے صارفین کو اپنے بینک اکائونٹس سے انٹرنیٹ بینکنگ، اے ٹی ایم اور موبائل بینکنگ کے ذریعے محفوظ، مئوثر اور آسان آن لائن ادائیگی کی سہولت میسر ہو گی جس سے بینک جانے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ  اب ای پیمنٹ 2.0 کے ذریعے ایف بی آر نے ایک متحد اور بہتر یوزر فرینڈلی انٹرفیس فراہم کیا ہے جو آئی آر آئی ایس 2.0 میں براہ راست دستیاب ہے، ایک منفرد پیمنٹ سلپ آئی ڈی (پی ایس آئی ڈی) جنریٹ کرکے یہ سسٹم دونوں رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کے لیے فوری اور آسان ادائیگی کی سہولت فراہم کرے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ  ای پیمنٹ سسٹم سے ٹیکس کی ادائیگی کا مرحلہ واضح طور پر آسان ہو جاتا ہے جس سے یہ بات ثابت ہو جاتی ہے کہ ایف بی آر کاروبار دوست ماحول مہیا کرنے کے لئے انتھک محنت کررہا ہے۔