اسرائیلی حملوں سے حزب اللہ کو بہت نقصان ہوا لیکن اس کا مکمل خاتمہ دور ہے، امریکی انٹیلی جنس حکام

228

 واشنگٹن: امریکی انٹیلی جنس حکام نے کہا  ہے کہ حالیہ اسرائیلی حملوں میں حزب اللہ کی صلاحیتوں میں کمی ہوئی ہے لیکن اس کا مکمل خاتمہ دور ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی انسداد دہشتگردی سینٹر کے ڈائریکٹر بریٹ ہولم گرین نے ایک بریفنگ میں بتایا کہ فورسز کے حملوں میں حزب اللہ کی صلاحیتوں کو غیر معمولی طورپر نقصان پہنچایا گیا ہے اور اس کی صلاحیتوں میں کافی حد تک کمی ہوئی ہے لیکن اس کی بارڈر فورسز اب بھی بڑے پیمانے پر اپنی جگہ موجود ہیں۔ 

ڈائریکٹر نیشنل کانٹر ٹیررازم سینٹر نے کہا کہ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کو ایران کی طرف سے فنڈنگ کی جاتی ہے اور اس تنظیم کے پاس اب بھی بیرون ملک حملوں کی صلاحیت موجود ہے۔

ڈائریکٹر بریٹ ہولم گرین کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کافی حد تک نیچے آچکی ہے لیکن مکمل طور پر خاتمے سے ابھی دور ہے، ہمارا اندازہ یہ ہیکہ اسرائیلی حملوں نے حزب اللہ کی صلاحیتوں کو بڑی حد تک نقصان پہنچایا ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر نیشنل کانٹر ٹیررازم سینٹر نے خبردار بھی کیا کہ حزب اللہ نے اسرائیل کے ساتھ جنگ سے پہلے ہی بڑی تعداد میں راکٹس، میزائل اور دیگر صلاحیتیں حاصل کرلی تھیں جب کہ وہ بہت مضبوط پوائنٹ سے کام کررہے تھے۔