امریکا کی ایک عدالت نے محکمہ دفاع کی حساس دستاویزات لیک کرنے کے جرم میں 22 سالہ جیک ٹیگزیرا کو کو 15 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ میساچوسیٹس ایئر نیشنل گارڈ سے تعلق رکھنے والے جیک ٹیگزیرا نے یوکرین سے متعلق حساس (کلاسیفائیڈ) فوجی دستاویزات لیک کرنے کا اعتراف کرلیا تھا۔
بدھ کو ایک فیڈرل جج نے جیک ٹیگزیرا کو سزا سنائی۔ جیک ٹیگزیرا پر اسیپاینیج ایکٹ کے تحت حساس معلومات کو جان بوجھ کر اپنے پاس رکھنے اور پھر کہیں اور منتقل کرنے کے 6 الزامات عائد کیے گئے تھے۔ حالیہ چند برسوں کے دوران یہ انتہائی حساس مقدمہ رہا ہے۔
جیک ٹیگزیرا کو اورنج جمپ سوٹ میں عدالت لایا گیا اور جب یو ایس ڈسٹرکٹ جج اندرا تلوانی نے اُسے سزا سنائی تو اُس نے کوئی ردِعمل ظاہر نہیں کیا۔ اس سے قبل اُس نے سماعت کے دوران جج کے سامنے معذرت کی تھی۔ استغاثہ نے 17 سال قید کی سفارش کی تھی۔
وکلائے دفاع نے اپنے موکل کی غلط کاری قبول کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی تھی کہ زیادہ سے زیادہ 11 سال قید کی سزا سنائی جائے۔ وکلائے دفاع کا یہ بھی کہنا تھا کہ جیک ٹیگزیرا سے سنگین غلطی ہوئی تو ہے تاہم اُس کا ارادہ امریکا کو نقصان پہنچانے کا نہ تھا۔ اُس کی کرائم ہسٹری بھی نہیں ہے۔