مختصر ترین وقت میں کسی بھی انفیکشن کی شناخت کرنے والا نیا ٹیسٹ

125

نیویارک: طبی ماہرین نے مختصر ترین وقت  میں کسی بھی طرح کے انفیکشن کو شناخت کرنے والا ایک نیا ٹیسٹ تجربہ کرلیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق طبی ماہرین اور سائنس دانوں نے مشترکہ طور پر کی گئی تحقیق کے نتیجے میں پتا چلایا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کیا گیا نیا جینیاتی ٹیسٹ مختصر ترین وقت میں کسی بھی مرض کی بنیاد بننے والے کسی بھی قسم کے مائیکروآرگانیزم (وائرس، فنگس، بیکٹیریا یا کیڑا وغیرہ) کی درست شناخت یا تشخیص کر سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ جینیاتی ٹیسٹ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سان فرانسسکو میں تقریباً 10 برس سے زیادہ عرصہ پہلے وضع کیا گیا تھا، جس کے بعد سے ریڑھ کی ہڈی کے مادے میں پیتھوجنز کی شناخت کے لیے اسے استعمال کیا جا رہا ہے۔

جریدے نیچر میڈیسن میں شائع اس تحقیق  کے نتیجے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ ہم اس نئے ٹیسٹ کو مزید بہتر بنا کر نمونیا سمیت دیگر سینے یا سانس سے متعلق امراض یا انفیکشن و جراثیم کی شناخت کر سکیں گے۔

تحقیق کاروں کی ٹیم نے اس ٹیسٹ کو جدید اطوار پر آزماتے ہوئے خودکار (آٹو میٹڈ) بنا دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے اب میٹا جینومک نیکسٹ جنریشن سیکوئنسنگ یا ایم این جی ایس کا نام دیا گیا ہے۔