پنجاب پولیس میں بھرتیوں کا ریکارڈ غائب، آڈیٹر جنرل نے بھانڈا پھوڑ دیا

100

لاہور:پنجاب پولیس میں  بھرتیوں کا ریکارڈ غائب  ہوگیا، جس کا بھانڈا آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں پھوٹ گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں پولیس کانسٹیبلز کی بھرتیوں کا ریکارڈ غائب ہوچا ہے۔ اس بات کا انکشاف آڈیٹر جنرل کی جانب سے تیار کی گئی سالانہ رپورٹ میں ہوا ہے۔

2023-24کی سالانہ آڈٹ رپورٹ آڈیٹر جنرل کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی گئی ہے، جس کے مطابق پنجاب کے ضلع ننکانہ صاحب میں 171 کانسٹیبلز اور لیڈی کانسٹیبلز کی بھرتیاں کی گئیں، تاہم ان کا کوئی ریکارڈ دستیاب نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق کانسٹیبلز کی بھرتیوں کا ریکارڈ موجود نہ ہونے کی بنیاد پر بھرتیوں  کے عمل کی شفافیت اور درستگی مشتبہ ہو گئی ہے۔ پولیس کانسٹیبلز کی بھرتیوں کے ریکارڈ کی عدم موجودگی کو رپورٹ میں انتظامی غفلت کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔

آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ شعبے کو ریکارڈ پیش کرنے کے لیے خطوط لکھے گئے ، تاہم ابھی  تک ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔

رپورٹ میں اس معاملے کے ذمے داروں کیخلاف تادیبی کارروائی کرنے کی سفارش کی گئی اور کہا گیا ہے کہ  بھرتی کے عمل کا سارا ریکارڈ بھی آڈٹ آفس میں جمع کروایا جائے۔