پنجاب میں اسموگ: نومبر، دسمبراور جنوری میں شادی تقریبات پر پابندی کی تجویز

132
Smog in Punjab: Proposal to ban weddings

لاہور: پنجاب میں اسموگ پر قابو کی کوششوں کے سلسلے میں نومبر، دسمبر، جنوری میں شادی تقریبات روکنے کی تجویز دے دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کو اسموگ سے نمٹنے کے لیے 10 سالہ پالیسی بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کر دی جب کہ حکومت پنجاب نے اسموگ کنٹرول کرنے کے لیے آئندہ برس سے نومبر، دسمبر، جنوری میں شادیاں رکھنے سے روکنے کی پالیسی پر کام شروع کر دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدراک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی، دوران سماعت عدالتی حکم پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحٰق اور مختلف محکموں کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ ہم نے حکومت کے اچھے کاموں کی تعریف کی ہے، موجودہ حکومت نے اسموگ کے حوالے پہلے کی نسبت بہتر کام کیا ہے مگر اسموگ سے نمٹنے کے لیے حکومت کو مستقل پالیسی لانی ہوگی۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ اس مرتبہ ستمبر میں اسموگ آچکی ہے، اگلے برس یہ اگست میں آئے گی، وفاقی حکومت کو بھی اس معاملے میں آن بورڈ ہونا پڑے گا، سوچنا پڑے گا کہ لاہور شہر کے اندر موجود انڈسٹری کا کیا کرنا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ لاہور میں بڑے تعمیراتی پروجیکٹ کو روکنا پڑے گا، گزشتہ برس ہم نے حکم دیا تھا کہ اسموگ کے سیزن میں کوئی تعمیراتی کام نہیں ہوگا۔

جسٹس شاہد کریم نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے استفسار کیا کہ پرائیویٹ تو چھوڑیں، حکومت کی اسپیڈو بسیں کتنا دھواں چھوڑ رہی ہیں، آپ کو اس بات کا بھی اندازہ ہونا چاہیے جس پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ جو گاڑی دھواں چھوڑے گی وہ سڑک پر نہیں آئے گی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اب جو اسموگ آگئی ہے، یہ ختم نہیں ہوگی، جنوری تک رہے گی، یہ حکومت کے لیے جاگنے کا وقت ہے، اب ہمیں اگلے سال کے لیے ابھی سے سوچنا پڑے گا، یہ حکومت کے کرنے کے کام ہیں ہم اس میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بیان دیا کہ ہم منصوبہ بنا رہے ہیں کہ اگلے سال نومبر، دسمبر، جنوری میں شادی ہالز بند ہوں گے، شہریوں سے کہیں گے کہ ان 3 ماہ میں شادیاں نہ رکھیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ حکومت چاہے تو ون ڈش کے ساتھ ساتھ شادی کے 3 کے بجائے صرف ایک فنکشن کی پالیسی بھی بنا سکتی ہے، اس اقدام سے معاشرتی تقسیم میں بھی بہت فرق پڑے گا۔