ہم سیاستدانوں کی بھی سیاسی دکانداری ہے، مصلحتوں کا شکار ہیں، خواجہ آصف

58

لاہور:مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم سیاستدانوں کی بھی سیاسی دکانداری ہے، مصلحتوں کا شکار ہیں۔

پنجاب میں اسموگ، فضائی آلودگی اور دھند کے باعث کاروبار، تعلیمی ادارے، سفر اور دیگر معاملات متاثر ہونے کے معاملے پر خواجہ آصف نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ ‏چند روز پہلے لاہور کے جج شاہد کریم صا حب نے مارکیٹیں 8بجے شام بند کرنے کا فیصلہ سنایا۔ جس پر عملدرآمد ہونا باقی ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور خصوصا پنجاب کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ یہاں مارکیٹیں دوپہر کے بعد یعنی 2بجے کے قریب کھلتی ہیں اور آدھی  رات کے بعد 2بجے کےبعد تک کھلی رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محترم تاجر حضرات رات گھر آتے ہیں تو بچے سوئے ہوتے ہیں، صبح بچے اسکول جاتے ہیں تو ابا حضور سوئے ہوتے ہیں ۔ مارکیٹیوں کے اوقات کا یہ منفرد اعزاز دنیا میں صرف وطن عزیز کو حاصل ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ‏ تاجر تنظیمیں ایک بڑی قوت ہیں اور وہ ان منفرد اوقات کو تبدیل کرنے کے حامی نہیں۔ ہم سیاستدانوں  کی بھی سیاسی دکانداری ہے، ہم  مصلحتوں کا شکار ہیں کہ ہمارے کاروبار سیاست کو کوئی زک نہ پہنچے۔ پاکستان زندہ باد۔