ایم کیو ایم عوام کے ساتھ ظلم برداشت نہیں کرے گی،ارکان سندھ اسمبلی

106

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم حیدرآباد ڈسٹرکٹ سے تعلق رکھنے والے اراکین سندھ اسمبلی نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں ایچ ایم سی،ٹاؤن چیئرمن و ٹاؤن افسران و دیگر اداروں نے ناجائز تجاوزات کے خلاف مہم و کارروائیوں کو کرپشن کا سب سے بڑا ذریعہ بنا لیا ہے اور انکارروائیوں کی آڑ میں ایچ ایم سی، ٹاؤن و یو سیز چیئرمینز نے لوگوں کے پتھارے ٹھیلے ضبط کروا کر اپنے نام سے شہر بھر میں پیسوں کے عوض ناجائز تجاوزات قائم کروانا شروع کر دی ہیں، بلدیاتی مئیر و چیئرمن کے ان دو سالوں میں شہر بھر میں راستوں فٹ پاتھوں و بازاروں میں ہزاروں نئی تجاوزات قائم کی گئی ہیں جن سے لاکھوں روپے ماہانہ وصول کیا جاتا ہے اس ہی طرح شہر بھر میں چوبیس گھنٹے کھلنے والے ہوٹلز کو ماہانہ فکس ریٹ پر روڈ راستے گھیرنے کی اجازت دے دی گئی ہے جو کہ ٹریفک اور عام عوام کے لیے گزرنا بھی محال ہو گیا ہے، آج شہر بھر میں غریب لوگوں کا کاروبار کرنا دوبھر کر دیا ہے اور آئے دن ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائیاں دراصل پیسے بڑھانے کے لیے ہوتی ہیں یا اپنے لوگوں کو سیٹ کرانے کے لیے ہوتی ہیں جن لوگوں کا ناجائز تجاوزات کے دوران مال پکڑا جاتا ہے اسے بھاری رشوت کے عوض چھوڑا جاتا ہے جس کا کوئی سرکاری ریکارڈ نہیں ہوتا، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے کہا کہ حکومت سندھ و مئیر حیدرآباد نے عوام کے ساتھ اس زیادتی کو فوری طور پر روکنا ہو گا، ایم کیو ایم عوام کے ساتھ یہ ظلم برداشت نہیں کرے گی ،مئیر بلدیہ و ٹاؤن چیئرمینز کے مبینہ مظالم اور عوام کو بے روزگار کرنے کے خلاف آواز و عملی اقدامات کرے گی۔