دادو (نمائندہ جسارت) ٹھیکیدار ایسوسی ایشن کے رہنماؤں شہزاد علی بھنڈ، عزیز ملک، منیر احمد میمن، غلام شبیر چنا، جاوید احمد سولنگی، خادم حسین بھنڈ اور دیگر نے احتجاج کرنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ روڈز دادو کا انجینئر سعید احمد بلیدی ٹھیکیداروں کو بار بار بلیک میل کر رہا ہے، نئے تعمیراتی کاموں کے ورک آرڈر کے کمیشن 25 فیصد اور مکمل شدہ ترقیاتی کاموں کے چیک کمیشن کا بھی 25 فیصد مطالبہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ورکس اینڈ سروسز کے صوبائی وزیر علی حسن زرداری کے حکم کے مطابق حصہ دینا ہے، رشوت کا مطالبہ نہ ماننے کی وجہ سے ضلع دادو میں اربوں روپے کی ترقیاتی اسکیمیں التوا کا شکار ہو گئی ہیں، جس کی وجہ سے ضلع دادو میں ترقیاتی کام ٹھپ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انجینئر کی نااہلی کی وجہ سے گزشتہ سال ایک ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی کاموں کے فنڈز لیپس ہو گئے تھے اور اس سال بھی 5 سے 6 ارب روپے کی مجموعی اسکیمیں التوا کا شکار ہیں۔ ٹھیکیداروں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر رشوت خور انجینئر کو فوری نہ ہٹایا گیا تو 14 نومبر سے ضلع بھر کے ٹھیکیدار غیر معینہ مدت تک دھرنا دے کر بیٹھ جائیں گے۔