ملکی ترقی کی منصوبہ بندی کے درست اعداد و شمار ضروری ہیں، لیاقت لونڈ

100

پڈعیدن (جسارت نیوز) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نوشہرو فیروز لیاقت علی لونڈ نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے منصوبہ بندی ضروری ہے اور بہتر منصوبہ بندی کے لیے کے درست اعداد و شمار ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی زرعی اکانومی کو مزید بہتر بنانے کیلیے پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس کی جانب سے ملک بھر میں 7 ویں زرعی شْماری کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے یہ بات ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں زرعی شماریات کے لیے مقرر نگرانوں اور شمار کنندگان کے 3 روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل زرعی شماریات میں شامل نگران اور شمار کنندگان اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کرتے ہوئے حقیقی ڈیٹا لیں تاکہ ضلع کی زراعت، مال مویشیوں اور زرعی آلات کے درست اعداد و شمار حاصل اور ضلع کی ترقی کے لیے بہتر منصوبہ بندی ہوسکے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر و چیف سسٹم اینالسٹ پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس مدثر اختر نے بتایا کہ پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس کی جانب سے ملک میں 7 ویں ایگریکلچر ڈیجیٹل شماری جاری ہے، پہلے مرحلے میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے برفانی علاقوں میں شماریات کا کام 31 اکتوبر کو مکمل کیا گیا، دوسرے مرحلے میں سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں 2 دسمبر سے زرعی شماریات شروع کی جائے گی جبکہ تیسرے مرحلے میں پنجاب اور بلوچستان کے علاوہ اسلام آباد میں زرعی ڈیجیٹل شْماریات کی جائے گی۔