ٹنڈوالٰہیار: موسم سرما کی آمد، ٹھنڈی ہواؤں کا راج، دھند میں اضافہ

72

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) اندرون سندھ موسم سرما کی آمد، ٹھنڈی ہواؤں سمیت ٹنڈوالہیار و گردونواح میں سرد ہوائوں کا راج، دھند میں اضافہ، قومی شاہراہ پر حدِ نگاہ کم، شہر میں گیس کی لوڈ شیڈنگ۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر شہروں کی طرح ٹنڈوالہیار اور گردونواح کے علاقوں میں موسم سرما کی آمد کی ساتھ ہی گزشتہ رات سے چلنے والی ٹھنڈی ہوائوں کے ساتھ دن میں بھی دھند چھائی رہی، مختلف علاقوں میں سردی کے باعث پڑنے والی دھند سے شہر میں مزید ٹھنڈ میں اضافہ ہونے کا امکان بڑھتا جارہا ہے، سردی میں اچانک اضافے کے باعث شہر کی مصروف ترین سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر لنڈا بازار اور گرم کپڑوں کی دکانیں بھی سجنا شروع ہو گئی ہیں، رات اور صبح کے وقت قومی شاہراوں پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی آمد رفت میں ڈرائیور حضرات کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم پولیس کی جانب سے فوگ (دھند) بڑھ جانے کی وجہ سے ڈرائیور حضرات کو غیر ضروری سفر کرنے سے قبل ہی محفوظ مقام پر کھڑا کردیا گیا تھا، سردی میں اضافے کے ساتھ ہی شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا بھی سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور کوئلہ اور لکڑیوں کی مانگ کے اضافے نے مذکورہ اشیاء کے ریٹ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔