اسرائیلی حملوں میں مزید36فلسطینی شہید

141

غزہ/بیروت(مانیٹرنگ ڈیسک ) عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ، لبنان اور شام میں حملے کیے جہاں غزہ کے جبالیہ کیمپ پر پیر کے روز کیے جانے والے حملے میں 36 فلسطینی شہید ہو گئے۔ صیہونی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے شمالی حصے کو نشانہ بنایا جہاں المات گاؤں پر حملے میں23 لبنانی شہری شہید ہوگئے۔ لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل حملوں کے نتیجے میں روزانہ کی بنیاد پر35 سے زائد شہری شہید ہورہے ہیں۔دوسری جانب اسرئیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کابینہ کے اجلاس میں لبنان میں ہونے والے واکی ٹاکی اور پیجرحملوں کی ذمے داری قبول کرلی ہے‘انہوں نے اعتراف کیا کہ دفاعی عہدیداروں کی مخالفت کے باوجودکارروائی کی گئی۔مزید برآںاسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو حزب اللہ کا ڈر ستانے لگا، اپنا دفتر تہہ خانے میں منتقل کردیا، نیتن یاہو نے اپنے بیٹے کی شادی بھی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کیسز میں بھی عدالت میں پیش نہ ہونے کا امکان ظاہر کردیا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے ساتھیوں کو بتایا کہ مقررہ دن پر بیٹے کی شادی کی تقریب منعقد کرنے سے شرکاء کی سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔