کراچی پریس کلب ‘ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلیے پوسٹ کارڈ دستخطی مہم کا انعقاد

41
کراچی پریس کلب میں منعقدہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے پوسٹ کارڈ دستخطی مہم کے موقع پر مہمان خصوصی رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق کے ہمراہ سیکرٹری پریس کلب شعیب احمد، سابق سیکرٹری رضوان بھٹی اور عافیہ موومنٹ کے ترجمان محمد ایوب کا گروپ فوٹو جب کہ دوسری تصویر میں محمد فاروق، سعید سربازی، شعیب احمد اور اے ایچ خانزادہ پوسٹ کارڈ پر دستخط کررہے ہیں

کراچی( اسٹاف رپورٹر)قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سزا معاف کرکے انہیں رہا کرنے کی اپیل کے لیے امریکی صدر کے نام پوسٹ کارڈ پر دستخط کرنے کی مہم کراچی پریس کلب میں منعقد کی گئی، جس میں کراچی کی صحافی برادری نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ اس موقع پر سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق مہمان خصوصی تھے۔ کراچی پریس کلب کے سیکرٹری شعیب احمد، عافیہ موومنٹ کے ترجمان محمدایوب اورسینئر صحافیوں نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے محمد فاروق نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے پریس کلب میں پوسٹ کارڈ دستخطی مہم کا انعقاد قابل تعریف ہے، انہوں نے خود بھی پریس کلب میں پوسٹ کارڈ پر دستخط کیے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ بڑی تعداد میں ان پوسٹ کارڈ اور آن لائن پٹیشن پر دستخط کریں۔ انہوں نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا کہ عافیہ صدیقی کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری رہا کیا جائے۔ کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی نے پوسٹ کارڈ پر دستخط کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے چلنے والی پوسٹ کارڈ مہم کی مکمل حمایت اور انہیں رہا کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔کراچی پریس کلب کے جنرل سیکرٹری شعیب احمد نے کہا کہ صحافی برادری ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کاز کی حمایت کرتی ہے، ڈاکٹر عافیہ کو پابند سلاسل رکھنا امریکی حکومت کے انسانی حقوق کے دعوئوں کی نفی اور ان کے نظام انصاف کے دہرے معیار کو ظاہر کرتا ہے، حکومت کو ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے اپنی کوششوں کو دوگنا کرنا چاہیے۔سینئر صحافی اور پی ایف یو جے (دستور) کے سیکرٹری جنرل اے ایچ خانزادہ نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کو غلط فہمی کی بنیاد پر سزا ہوگئی ہے، اس لیے حکومت امریکا ان کے کیس پر نظر ثانی کرے اور امریکی روایات کے مطابق سبکدوش ہونے والے صدر قیدیوں کی سزائیں معاف کرتے ہیں تو ہم اپیل کرتے ہیں کہ ڈاکٹر عافیہ کی سزا میں تخفیف کرتے ہوئے انہیں رہا کیا جائے۔سینئر صحافی اور کراچی پریس کلب کے سابق سیکرٹری رضوان بھٹی نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ بے گناہ ہے، اس لیے انہیں رہا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اہم معاملات پر فالواپ نہ دیے جانے کے باعث مسائل جوں کے توں رہ جاتے ہیں، لہٰذا حکومت پاکستان سے درخواست ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے معاملے پر بھرپور فالواپ دے اور امریکی صدر سے بھی درخواست ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو رہا کردے۔ عافیہ موومنٹ کے ترجمان محمد ایوب نے کہا کہ عافیہ پوسٹ کارڈ دستخطی مہم میں کراچی کی صحافی برادری کا جوش و جذبہ خوش آئند اورحوصلہ افزا ہے۔انہوں نے کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، سیکرٹری شعیب احمد، گورننگ باڈی کے اراکین اور صحافی برادری کا پوسٹ کارڈ دستخطی مہم کے انعقاد پر ان کے تعاون اور کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔