ایف پی سی سی آئی کی کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت

98

کراچی(کامرس رپورٹر) ایف پی سی سی آئی کی قائم مقام صدر قرۃ العین نے کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے ہولناک اور جان لیوا بم دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ جس میں 26 قیمتی جانیں گئیں اور کم از کم 62 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں؛ جن میں سے کئی ایک کی حالت تشویشناک ہے اور بہت سے زخمی مستقل طور پر معذور ہو چکے ہیں اور وہ دوبارہ اب زندگی میں روزگار نہیں کما سکیں گے۔ایف پی سی سی آئی کی قائم مقام صدر قرۃ العین نے کہا کہ ان تمام متا ثرہ خاندانوں کو اب ہمیشہ اس صدمے کے ساتھ زندہ رہنا پڑے گا اور ان کا مستقبل معاشی طور پر غیر یقینی ہو چکا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ان خاندانوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنی چاہئیں اوراپنے پیاروں کو کھونے کے خلا سے نمٹنے کے لیے ان کے خاندانوں کو مالی معاوضہ اور مسلسل سپورٹ کا میکنزم طے کیا جانا چاہیے۔