کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہر قائد میں مسلح لیٹروں نے موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر3 بچوں کے باپ کو قتل کردیا۔ جرائم میں کمی کے پولیس دعوؤں کے باوجود رواں سال مسلح ڈکیتوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے معصوم شہریوں کی تعداد 105 ہوگئی۔پیرکو علی الصبح پیرآباد تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر4 ہزارہ چوک کے قریب مقتول فجرکی نمازپڑھ کر آرہا تھا کہ ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی اور دوران ڈکیتی مزاحمت پر ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، مقتول کی شناخت 45 سالہ فیاض احمد ولد صاحب زادہ کے نام سے کی گئی جو اورنگی ٹاون ہزارہ چوک جاپانی بلڈنگ کے قریب کا رہائشی اور 3 بچوں کا باپ تھا۔ایس ایچ او پیرآباد نے بتایا کہ مقتول فیاض احمد سائٹ ایریا کی فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا اور فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا۔مقتول نے مزاحمت کی تو ملزمان نے گولی چلا دی، فائرنگ کے بعد ملزمان لوٹے بغیر ہی فرار ہوگئے۔جائے وقوع سے پستول کا ایک خول ملا ہے جسے پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے جبکہ پولیس ارد گرد لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کررہی ہے،قانونی کارروائی کے بعد مقتول کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔