شدید دھند، اسموگ: مختلف ٹریفک حادثات میں 10 افراد جاں بحق

119

لاہور: شدید دھند اور اسموگ کے باعث مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں کم ازکم 10 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک بند کردی گئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ایم ایم روڈ پر مسافر بس سڑک کنارے کھڑے ٹریلر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے، حادثہ تیز رفتاری اور سموگ کے باعث پیش آیا، مسافر بس اوچ شریف سے راولپنڈی جا رہی تھی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ادھر گوجرہ میں اسموگ کے باعث ٹریکٹر ٹرالی نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس سے ماں اور دو بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پنجاب کے ضلع لیہ کی تحصیل چوبارہ میں تیز رفتاری کے باعث وین اور ٹرک میں تصادم ہوگیا جس میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔ جبکہ ضلع ساہیوال کے علاقے کسوال میں نیشنل ہائی وے پر وین اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں بھی 3 افراد زخمی ہوئے۔

علاوہ ازیں سندھ کے ضلع ٹھٹھہ میں گھارو کے قریب دھند کے باعث 6 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔ حادثہ قومی شاہراہ پر گھارو کے قریب صبح کے وقت دھند کے باعث پیش آیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق 2 ٹرک اور کاروں سمیت 6 گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں، حادثے کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

رپورٹ کے مطابق 14 زخمیوں کو مقامی افراد نیاپنی مدد آپ کے تحت مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا جہاں پر مزید 2 زخمی دم توڑ گئے جب کہ 4 شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت میں کراچی منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب شدید دھند اور اسموگ کی وجہ سے موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک بند کردی گئی۔

اس کے علاوہ لاہور سیالکوٹ موٹروے کو بھی بند کردیا گیا ہے جبکہ موٹروے ایم 4 فیصل آباد سے ملتان اور ایم 5 ملتان سے سکھر تک بند کردی گئی ہے۔