اسلام آباد: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان کو اسموگ کے مضر اثرات کم کرنے کے لیے تکنیکی اور مادی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
پاکستان میں یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے بتایا کہ پاکستان، خصوصاً پنجاب میں اسموگ کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال بھی یو اے ای نے پاکستان کو اسموگ کے اثرات کم کرنے کے لیے تکنیکی مدد فراہم کی تھی اور خصوصی طیارے بھیجے تھے جن کی مدد سے مصنوعی بارش کے ذریعے فضائی آلودگی میں کمی لائی گئی۔
سفیر الزابی کے مطابق اسموگ کو کنٹرول کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات ضروری ہیں، اور وہ اس بات پر اطمینان محسوس کرتے ہیں کہ پاکستانی انتظامیہ اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے مناسب اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور امید ہے کہ اسموگ سے متاثرہ عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال یو اے ای نے پاکستان میں پہلی بار کلاؤڈ سیڈنگ کے ذریعے مصنوعی بارش کے کامیاب تجربے میں مدد فراہم کی تھی۔
دسمبر 2023 میں لاہور کے 10 علاقوں پر کلاؤڈ سیڈنگ کے ذریعے بارش برسائی گئی، جس سے اسموگ کی شدت میں کمی آئی۔ پنجاب کے اُس وقت کے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اس اقدام کو یو اے ای کا “تحفہ” قرار دیا تھا اور بتایا کہ دو طیارے اور ٹیمیں یو اے ای سے پاکستان آئیں اور بارش پیدا کرنے کے لیے 48 فلیئرز کا استعمال کیا۔
ماہرین کے مطابق مصنوعی بارش کے ذریعے پیدا کی گئی ہلکی بارش بھی فضائی آلودگی میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ پاکستان میں اسموگ کا مسئلہ ہر سال شدت اختیار کر رہا ہے، خاص طور پر پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں سردیوں کے دوران شدید دھند اور آلودگی سے نظام زندگی متاثر ہوتا ہے۔