غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری: 13 بچوں سمیت 32 شہری شہید

206

 غزہ :اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، غزہ میں گزشتہ 24گھنٹوں میں صیہونی فوجیوں کی بمباری کے نتیجے میں 13 بچوں سمیت 32 شہری شہید جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کے شمال میں جبالیہ کیمپ کے مکینوں اور بے گھر افراد سمیت 58 افراد کی رہائش گاہ پر ایک کثیر المنزلہ مکان پر بمباری کی۔

اسرائیلی فوجیوں کی بمباری ختم ہونے کے بعد مقامی  لوگوں نےریسکیو  کرتے ہوئے زخمیوں کو عارضی اسپتال پہنچایا جہاں ادویات کی قلت تھی، زخمی ہونے والے افراد کی حالت کافی تشویش ناک ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال 8اکتوبر سے صیہونی فوجیوں کی وحشیانہ بمباری غزہ کے معصوم لوگوں پر جاری ہے، عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں، اسرائیلی درندگی کے نتیجے میں اب تک 45 ہزار کے قریب افراد شہید ہوچکے ہیں، جس میں ایک بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔