دعا فاؤنڈیشن کے وفد کی وفاقی وزیر تحفظ خوراک سے ملاقات

160

 اسلام آباد:وفاقی وزیر تحفظ خوراک رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ زرعی شعبے میں مسلسل جدت اور ترقی ملک کے اقتصادی استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔

 نیشنل ایگری کلچر ریسرچ سینٹر اسلام آباد میں ڈاکٹر فیاض عالم کی سربراہی میں دعا فاؤنڈیشن کے وفد سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ زراعت ملک میں خوشحالی، تحفظ خوراک اور سماجی و اقتصادی ترقی کی کنجی ہے۔

وفاقی وزیر خوراک نے کہاکہ   ملک کی 60 فیصد سے زیادہ آبادی کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے_ زرعی شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت نے کسانوں کی ہدایت کیلئے کئی پروگرام شروع کئے ہیں۔

ڈاکٹر فیاض عالم نے زراعت کی ترقی خصوصاً ملک میں زیتون کی پیوند کاری اور پیداوار میں اضافے کے لیے دعا فاؤنڈیشن کی کوششوں سے رانا تنویر حسین کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر میں زیتون کی کاشت اور اس کی گرافٹنگ کے حوالے سے دعا فاؤنڈیشن بیداری شعور کی مہم چلا رہی ہے۔

 وفاقی وزیر نے تنظیم کے نمائندے کو بتایا کہ پاکستان میں زراعت کی ترقی میں سماجی تنظیمیں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں، اس موقع پر ڈاکٹر فیاض عالم نے وفاقی وزیر کو اپنی کتاب “پاکستان میں زیتون کی کاشت تاریخ تجربات اور امکانات” وفاقی وزیر کو پیش کی۔

 رانا تنویر حسین نے کہا کہ وفاقی حکومت اور وزرت خوراک زیتون کی پیداوار میں اضافے اور کاشت کے رقبے میں اضافے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، جن کے حوصلہ افزا نتائج  آرہے ہیں۔