ـ26ویں آئینی ترمیم کسی کے خلاف نہیں، خورشید شاہ

131

سکھر (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی اچھی بات ہے، اُمید ہے ان کے دورِ صدارت میں امریکا پاکستان تعلقات مزید بہتر ہوں گے، 26 ویں آئینی ترمیم عمران خان سمیت کسی کے خلاف نہیں۔ سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے نہ ہم نے امریکی انتخابات میں کوئی مداخلت کی اور نہ امریکا ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے گا۔ 26 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے سید خورشید احمد شاہ کا کہنا تھا کہ 2006 میں اس مسودے پر کام ہوا، اس وقت کسی کو معلوم نہیں تھا کہ عمران خان بھی کبھی وزیر اعظم بنیں گے، عمران خان اس وقت سیاسی طور پر نابالغ تھے، اس ترمیم کے مسودے پر عمران خان کے بھی دستخط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 26 ویں ترمیم محترمہ کا خواب تھا تاکہ ادارے آزاد اور خود مختار ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا کے دستخط نہیں ہیں لیکن اس کے مسودے کی تیاری اور تحریر پر انہوں نے حمایت کی تھی۔ اس سوال پر کہ سن رہے ہیں کہ مولانا فضل الرحمن عمران خان سے ملنے جیل جا رہے ہیں، خورشید شاہ نے کہا کہ اللہ کرے مولانا فضل الرحمان عمران خان سے ملنے جیل چلے جائیں، ہم سہولت کار بنیں گے، مولانا کی جیل میں عمران خان سے ملاقات ہو اور تصویر جاری ہو، سب جانتے ہیں کہ عمران خان اپنی تقاریر میں مولانا کے لیے کیا کہتے ہیں، عمران خان سے متعلق فیصلہ پاکستان کی عدالتیں کریں گی۔