لاہور (نمائندہ جسارت)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دہشت گردی کے واقعے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ بم دھماکا بہت افسوسناک اور شدید قابل مذمت ہے۔کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے میں اب تک 27 قیمتی جانیں ضائع ہو نے کی اطلاع ہے جو کہ ناقابل برداشت صدمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں مسلسل دہشت گردی کے واقعات نہ صرف ہمارے دلوں کو دہلا رہے ہیں بلکہ ملک کی سلامتی پر بھی سوالیہ نشان ہیں ۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے مزید کہا کہ اس افسوسناک واقعے پر ہم متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری اور ٹھوس اقدامات کے ذریعے بلوچستان میں امن و امان کی بحالی یقینی بنائے ۔ اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام ،لواحقین کو صبر جمیل اورزخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔ علاوہ ازیں ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، عطیہ نثار ،ڈاکٹر زبیدہ جبیں، طیبہ عاطف،عفت سجاد،ڈپٹی سیکرٹری و ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید ،ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا سیل سعدیہ حمنہ اور سیکرٹری اطلاعات فریحہ اشرف نے بھی دہشت گردی کے اس واقعے کی مذمت کی ہے اور مرحومین کی بلندی درجات اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔