اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) کوئٹہ میں خود دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر امریکا‘ روس ‘ برطانیہ اورترکیہ کی مذمت‘متاثرہ افراد کے لواحقین سے اظہارہمدردی۔ امریکی سفارت خانہ کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں‘ امریکا دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ادھر، دفتر خارجہ ترکیہ نے بھی کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحب یابی کے لیے دعا گو ہیں۔روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر پاکستان سے تعزیت کی ہے‘ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے پاکستانی ہم منصب آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر تعزیت کا اظہار کیا۔روسی صدر کا تعزیتی پیغام کریملن کی ویب سائٹ پر شائع کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر دہشت گردی کے افسوسناک واقعے اور سانحے پر تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کی تمام صورتوں اور مظاہر کے خلاف تعاون کرے گا۔مزید برآں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکے پر ردعمل میں کہا ہے کہ یہ کارروائیاں تقسیم کے بیج بونے کے سوا کچھ نہیں کرتیں۔برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ میری ہمدردیاں دھماکے میں جاں بحق اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں ، برطانیہ دہشت گردی کی مذمت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔