تحریک انصاف کا صوابی میں جلسہ،عمران کی رہائی بہت قریب ہے، بیرسٹر گوہر۔ رواں ماہ فائنل کال دینگے، علی امین

104

صوابی (مانیٹرنگ ڈیسک) علی امین گنڈاپور نے صوابی جلسے میں اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اسی مہینے فائنل کال دیں گے‘ کارکنان اس کے لیے تیاری شروع کردیں‘ اب ہم اپنے قائد کو رہا کروائے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ اپنے کارکنوں کی طرف دیکھتا ہوں کیونکہ آپ عمران خان اور حقیقی آزادی کی طاقت ہیں‘ پاکستان کو آزاد کرانے کے لیے ہمارے آباؤاجداد نے قربانیاں دیں‘ آزادی قربانی کے بغیر نہیں ملتی‘ اب ہمیں بانی پی ٹی آئی کی سربراہی میں حقیقی آزادی کے لیے نکلنا ہے‘ ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ عمران خان کے دیے گئے ہر حکم پر اپنا تن، من، دھن قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کارکنان فائنل معرکے کی تیاری شروع کردیں‘ جب بھی کال ملے تو بوریا بستر سمیت ایک سفید چادر سر پر لینی ہے اور عمران خان کو رہا کروانے تک واپس نہیں آئیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوابی میں ہونے والے جلسے میں ریفرنڈم ہوگیا ہے‘ اب عمران خان کی رہائی بہت قریب ہے‘ امریکا میں انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد کچھ لوگ اپنی پرانی ٹوئٹس ڈیلیٹ کر رہے ہیں‘ لیکن میں ان کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہم امریکا سے مدد کے طلب گار نہیں، تبدیلی پاکستان کے اندر سے ہی آئے گی۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کو باہر رکھ کر پاکستان کی سیاست مکمل نہیں ہوسکتی، وہ ایک ہی بات کرتے ہیں کہ میں عوام کے حقوق کی خاطر جیل میں ہوں‘ بانی پی ٹی آئی کو سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے لیکن انہوں نے کبھی بیمار ہونے کا شکوہ نہیں کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت 26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے مرضی کی عدلیہ چاہتی ہے لیکن ہم عدلیہ کو آزاد کروا کر دم لیں گے۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آج ملک میں جبر کا جو نظام قائم ہے اس کے سامنے کسی پاکستانی کی کوئی حیثیت نہیں، عمران خان کا قوم کے نام پیغام ہے کہ پاکستان کی سڑکیں تمہاری منتظر ہیں۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہنا تھا کہ ہم اپنے شہری حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے، اور نہ ہی کسی کی دھونس اور دھمکی میں آئیں گے۔ تحریک انصاف کے صوابی جلسے میں امریکی جھنڈا لہرا دیا گیا۔ صوابی کے جلسے میں پی ٹی آئی کارکن نے امریکی جھنڈا لہرانا شروع کیا تو قریب موجود دیگر کارکنان نے انہیں امریکی جھنڈا لہرانے سے منع کیا اور جھنڈا نیچے کرنے کے لیے آواز دیمگر پی ٹی آئی کارکن جھنڈا ہاتھ میں لیے کھڑا رہا اور لہراتا رہا۔جلسہ گاہ میں شرکا نے جھنڈے کی طرف اشارے شروع کیے تو قریب موجود کارکنان نے ان سے امریکی جھنڈا کھینچ لیا۔ امریکی جھنڈا کھینچنے کی کوشش کے دوران دھکم پیل بھی ہوئی تاہم کارکن سے امریکی جھنڈا نیچے کروا دیا گیا۔ تحریک انصاف کے زیراہتمام صوابی میں جلسہ ختم ہوگیا جبکہ کسی بھی لائحہ عمل کا اعلان نہ ہوسکا۔