لاہو ر (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کوئٹہ بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں پے در پے دہشت گردی کے واقعات نہ صرف ہمارے دلوں کو دہلا رہے ہیں بلکہ ملک کی سلامتی پر بھی سنگین سوالات کھڑے کرتے ہیں۔ انھوں نے افسوسناک واقعے میں متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے، جاں بحق ہونے والوں کے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری اور ٹھوس اقدامات کے ذریعے بلوچستان میں امن و امان کی بحالی یقینی بنائے۔نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم ودیگر قائدین نے بھی کوئٹہ دہشت گردی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ یوم اقبال پر پاکستان دشمنوں نے دہشت گردانہ وار کیا ہے۔
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیرکاشف سعید شیخ نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کی سخت مذمت اورقیمتی انسانی جانوں کے نقصان پردلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ کارروائی قراردیا اورکہاہے کہ بے گناہ انسانوں کی جانوں کے ساتھ کھیلنے والے پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ دن دہاڑے ریلوے اسٹیشن جیسے اہم مقام پردہشت گردی کا واقعہ سیکورٹی ادارو ں کی ناکامی ہے۔پی ڈی ایم حکومت ملک میں قیام امن اور شہریوں کی جان ومال کی حفاظت میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے۔بجٹ میں امن وامان کے نام پرخطیر رقم خرچ کرنے کے باجود پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے کسی کی جان ومال محفوظ نہیں ہے ۔بلوچستان اورخیبر پختونخوا میں عوام اورسیکورٹی اہلکاروں پرپے درپے حملے امن وامان کے حکومتی دعوؤں کی سراسرنفی ہے جس سے ہرمحب وطن شہری فکرمند ہے۔صوبائی امیرنے کہا کہ دہشت گردی کے واقعے میں ملوث ملزمان وماسٹرمائنڈکوگرفتارکرکے کیفرکردارتک پہنچایا جائے۔ سیکورٹی ادارے ملکی سیاسی معاملات میں مداخلت کے بجائے اپنی توجہ سرحدوں کی حفاظت اورشہریوں کے جان ومال کی حفاظت پرمرکوز کریں۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی ،مرحومین کی مغفرت ،درجات کی بلندی،پسماندگان کے لیے صبرجمیل اورزخمیوں کی جلدصحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔