اسلام آباد ( نمائند جسارت) بھارت سے چلنے والی آلودہ ہوائوں نے پورے پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آلودہ ہوائوں کے باعث ملتان مسلسل دوسرے دن بھی ملک کا آلودہ ترین شہر قرار پاگیا۔ ایئر کوالٹی انڈیکس 1300کو چھو کر بعد میں 700 تک آیا۔دوسرے نمبر پر لاہور 467، تیسرے نمبر پر پشاور 392 اور راولپنڈی 254 اسکور کے ساتھ چوتھا آلودہ ترین شہر رہا۔ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق اسلام آباد پانچواں اور کراچی آج پاکستان کا آٹھواں آلودہ ترین شہر رہا۔لاہور میں حکومتی اعلانات کے باوجود گرین لاک ڈائون پر عملدرآمد نہ ہوسکا۔لاہور میں شہری ماسک پہننے کو تیار نہیں، موٹرسائیکل رکشے بھی سڑکوں پر رواں دواں، جھاڑو دینے سے پہلے چھڑکائو کرنے کے احکامات بھی مکمل طور پر نظرانداز کردیے گئے۔ پنجاب کے 18 اضلاع میں تمام تفریحی مقامات 17 نومبر تک بند ہیں جبکہ سیاحتی پروگرام اور تقریبات بھی معطل کردی گئیں۔پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ مسئلہ اب ایک شہر یا صوبے کا نہیں رہا، پورے پاکستان اور خطے کا انسانی مسئلہ بن چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری احتیاط کریں، شدید آلودگی کے شکار شہروں کے مکین گھروں سے نہ نکلیں۔