اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے سفارتکاروں اور غیر ملکی شہریوں کے لیے جدید سہولتوں سے آراستہ خدمت مرکز کے قیام کی تعریف کی اور پولیس خدمت مرکز کے قیام کے لیے وزیر داخلہ محسن نقوی کے اقدام کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سفارتی برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔ بین الاقوامی معیار کے مطابق اور دور حاضر کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے خدمت مرکز کا قیام لائق تحسین ہے۔ خدمت مرکز میں سفارتی برادری اور غیر ملکی شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا و تجدید، کریکٹر سرٹیفکیٹ، جنرل پولیس ویریفکیشن، گمشدگی رپورٹ، کرایہ داروں کی رجسٹریشن، فارنرز رجسٹریشن، گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن، والنٹئیرز رجسٹریشن، گاڑیوں کی ویریفکیشن اورایف آئی آر کی کاپی کے حصول جیسی خدمات مہیا کی جائیں گی۔ آئی جی اسلام آباد پولیس نے وزیراعظم کو سفارتی برادری اور غیر ملکی شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے متعلق بریفنگ دی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ساتھ تھے۔