ہرنائی: بلوچستان میں نامعلوم مسلح افراد نے ایسے کئی ٹرکوں کو آگ لگادی جن پر کوئلہ لدا ہوا تھا۔ یہ ٹرک ہرنائی کے علاقے شاہرگ کھوسٹ سے کوئلہ لارہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرک ہرنائی کے علاقے شاہرگ کھوسٹ سے کوئلہ لارہے تھے کہ زیارت مین روڈ پر مانگی کے مقام پرمسلح افراد نے ٹرکوں کو آگ لگائی اور شدید فائرنگ کی۔
ڈپٹی کمشنر زیارت لیاقت علی کاکڑ کے مطابق ایس پی ہرنائی کے گاڑی پر بھی فائرنگ کی گئی، ایس ایس پی ہرنائی تو محفوظ رہے تاہم ان کا گن مین زخمی ہوگیا۔
پولیس نے علاقے میں کئی مقامات پر سرچ آپریشن کیا ہے تاکہ اس واقعے کے ذمہ داروں کو گرفتار کیا جاسکے۔ شر پسند ان علاقوں میں مال بردار گاڑیوں کو لوٹنے یا آگ لگانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ کئی مقامات پر مقابلے بھی ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ بلوچستان میں غیر مقامی مزدوروں پر حملے بھی ہو رہے ہیں جن میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ شر پسندوں اور دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔