پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا فیصلہ کن میچ کل ہوگا

158

 پرتھ : پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ اتوار کو ہوگا۔ یہ میچ پرتھ کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں صبح 8:30 بجے پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق کھیلا جائے گا ۔ سیریز اس وقت 1-1 سے برابر ہے۔

آسٹریلیا نے پہلا ون ڈے دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے جیتا تھا، جبکہ پاکستان نے ایڈیلیڈ میں 28 سال بعد آسٹریلیا کو نو وکٹوں سے شکست دے کر دوسرا میچ جیتا اور سیریز کو برابر کر دیا۔

گزشتہ روز پاکستان نے 164 رنز کا ہدف با آسانی ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، جس میں بابر اعظم نے چھکا مار کر میچ کا اختتام کیا اور پرتھ میں 10 نومبر کو ہونے والے فیصلہ کن میچ کی راہ ہموار کی۔

دوسرے میچ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا کی ٹیم 163 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جہاں حارث رؤف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 29 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کو سیریز برابر کرنے کا بھرپور موقع فراہم کیا۔

حارث رؤف نے اپنے ون ڈے کیریئر کی دوسری بار پانچ وکٹیں حاصل کر کے آسٹریلیا کے مڈل آرڈر کو مکمل طور پر بکھیر دیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور اسٹیون اسمتھ نے 35 رنز بنائے ۔

آسٹریلیا کے نئے اوپننگ جوڑی، میٹ شارٹ اور جیک فریزر میک گرک ایک بار پھر متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

محمد حسنین نے بھی اہم وکٹ حاصل کی اور اسمتھ کو آؤٹ کیا، جو پہلے ایل بی ڈبلیو سے بال بال بچے اور اگلی ہی گیند پر ٹاپ ایج سے کیچ دے بیٹھے۔

نسیم شاہ نے میچ میں اپنی پہلی وکٹ مچل اسٹارک کو آؤٹ کر کے حاصل کی، جبکہ حارث رؤف نے اپنی پانچویں وکٹ پیٹ کمنز کا ٹاپ ایج حاصل کر کے مکمل کی ہے ۔

آسٹریلیا جو کہ مضبوط کارکردگی کی توقعات کے ساتھ میدان میں اترا تھا، 163 رنز پر آؤٹ ہوگیا، جس سے پاکستان کو سیریز برابر کرنے کا موقع ملا، اور انہوں نے یہ موقع بھرپور انداز میں استعمال کیا۔