پی ٹی آئی صوابی جلسہ:عمران خان کی رہائی تک واپس نہیں جائینگے، گنڈاپور

116
announcement to run the movement

پشاور:پاکستان تحریک انصاف کے صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی تک واپس نہیں جائیں گے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور نے صوابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شریک پی ٹی آئی کارکنوں سے حلف لیا کہ کچھ بھی ہو جائے، وہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے بغیر گھر واپس نہیں جائیں گے۔

شرکائے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ میں امریکا ہوں، اور آپ کی طرف دیکھتا ہوں کیوں کہ آپ (عوام) ہی عمران خان کی طاقت ہیں۔ پاکستان کی آزادی کے لیے ہمارے بڑوں نے قربانیاں دی تھیں،اب عمران خان کی قیادت میں ہم قربانی دیں گے اور آزادی حاصل کریں گے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہمیں عمران خان کا ہر فیصلہ قبول ہے۔ ہم حکومت کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہمارے لیڈر اور ہمارے  لوگوں پر بہت ظلم ڈھایا گیا ہے۔ نومبر میں عمران خان کال دیں گے اور ہم باہر نکلیں گے۔جب تک عمران خان کو آزاد نہیں کیا جاتا، گھروں کو واپس نہیں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جیل  تو چلے جائیں گے مگر گھروں کو واپس نہیں جائیں گے۔ ہم ان کا ایسا حال کریں گے کہ انہیں یاد رہے گا۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کچھ بھی ہو جائے، عمران خان کی رہائی کے بغیر گھر نہیں جائیں گے۔ آزادی کے بغیر اب واپسی نہیں ہوگی۔ ہم سب اس کے لیے تیار ہیں۔