لاہور: عظیم شاعر اور مفکر علامہ اقبال کے 147ویں یوم پیدائش کے موقع پر مزار اقبال لاہور پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔
پاکستان رینجرز اور پاکستان نیوی کے چاق و چوبند دستوں نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر سینٹرل پنجاب پاکستان نیوی، ریئر ایڈمرل اظہر محمود تھے۔
مہمان خصوصی نے رینجرز اور نیوی کے دستوں کا معائنہ کیا اور ایڈمرل پاکستان نیوی نوید اشرف کی جانب سے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ہے ۔
علامہ اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے فلسفہ میں ایم اے کیا اور اعلیٰ تعلیم کے لیے لندن گئے جہاں انہوں نے لنکنز اِن سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے جرمنی کی لیوڈوگ میکسیمیلیئن یونیورسٹی میونخ سے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی تھی ۔
قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی اور وزیراعظم شہباز شریف نے علامہ محمد اقبال کے 147ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
قائم مقام صدر گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال کے فلسفے اور فکر نے آزاد وطن کا راستہ ہموار کیا۔ “ہم ملکی اتحاد، امن اور خوشحالی کے عزم کو تازہ کرتے ہیں۔”
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ “علامہ اقبال ایک بصیرت افروز شاعر اور فلسفی تھے، جن کی فکر و تحریر نے برصغیر اور دنیا پر گہرے اثرات مرتب کیے اور مسلمانوں میں آزادی کا جذبہ پیدا کیا۔”
انہوں نے مزید کہا، “اقبال کے فلسفے نے برصغیر کے مسلمانوں کو متحد کیا اور انہیں ایک الگ وطن کا خواب دیا۔ ہمیں اقبال کی تعلیمات کو حقیقت میں ڈھالنے کے عزم کو تازہ کرنا ہوگا۔”