دورہ امارات کیلیے پاکستان انڈر 19 اسکواڈ کا اعلان، سعد بیگ کپتان مقرر

90

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے 13 نومبر سے 8 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہونے والے 50 اوورز کی سہ فریقی سیریز اور اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ اور آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 2024 کے آخری ایڈیشن میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت کرنے والے سعد بیگ کو 29 نومبر سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے لیے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ا سکواڈ کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ سعد، علی رضا، ہارون ارشد، محمد ریاض اللہ، نوید احمد خان اور شاہ زیب خان سمیت 6 کھلاڑیوں نے جنوبی افریقا میں ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جبکہ طیب عارف دوسرے کھلاڑی ہیں جو پاکستان انڈر 19 کے لیے کھیل چکے ہیں۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے 120 کھلاڑیوں میں سے 15 رکنی اسکواڈ کو منتخب کرنے کے لیے ٹرائلز اور سلیکشن میچز کا انعقاد کیا تھا۔سعد بیگ کی قیادت میں ٹیم 50 اوورز کی سہ فریقی سیریز میں شرکت کے لیے آج لاہور سے متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہوگی، جہاں وہ 13 نومبر کو افتتاحی میچ میں میزبان متحدہ عرب امارات کا مقابلہ کرے گی۔ ٹورنامنٹ ڈبل لیگ فارمیٹ پر کھیلا جائے گا جس کا فائنل 26 نومبر کو کھیلا جائے گا۔50 اوورز کے انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان انڈر 19 کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے اور وہ ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں 30 نومبر کو بھارت سے مقابلہ کرے گی جس کے بعد 2 اور 4 دسمبر کو اس کا مقابلہ متحدہ عرب امارات اور جاپان سے ہوگا۔ سیمی فائنلز 6دسمبر کو اور فائنل 8 دسمبر کو ہوگا۔دورہ متحدہ عرب امارات کے لیے پاکستان انڈر19اسکواڈ میں سعد بیگ (کپتان، وکٹ کیپر،کراچی،، عبدالسبحان ایبٹ آباد ، علی رضا سیالکوٹ ، فہم الحق لاہور ، فرحان یوسف لاہور ، ہارون ارشد کراچی ، حسن خان راولپنڈی، محمد احمدلاہور، محمد حذیفہ بہاولپور، محمد ریاض اللہ ایبٹ آباد، نوید احمد خا ن کراچی ، شاہ زیب خان ایبٹ آباد ، طیب عارف سیالکوٹ ، عمر زیب ایبٹ آباد اور عثمان خان فاٹا امل ہیں۔ محمد حذیفہ صرف سہ فریقی سیریز کے لیے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔