کراچی (اسٹاف رپورٹر) ای او بی آئی پنشن کا متنازع سرکلر واپس، قائم مقام چیئرمین کے اس اقدام سے ہزاروں پنشنرز میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔ نجی شعبے کے ریٹائرڈ، معذور ملازمین اور ان کی وفات کی صورت میں ان کے لواحقین کو تاحیات پنشن فراہم کرنے والا ادارہ ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن (EOBI) کے قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر جاوید احمد شیخ کی ہدایت پر ادارہ نے کم از کم پنشن کی شرح کے متعلق متنازع سرکلر نمبر 25-01/2024 ء بتاریخ 26 جولائی 2024ء کو فوری طور پر واپس لے لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق چیئرمین فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) خاقان مرتضیٰ نے ادارہ کے بعض اعلیٰ افسران کے ایما پر 26 جولائی 2024ء کو مذکورہ متنازع سرکلر جاری کیا تھا جس کی رو سے کم از کم پنشن کی شرح کو آجران کی جانب سے جمع کرائے جانے والے کنٹری بیوشن سے منسلک کردیا گیا تھا جس کے نتیجہ میں پنشن کی شرح کم ہونے کے خدشے کے باعث ہزاروں پنشنرز میں بڑے پیمانے پر بے چینی پھیل گئی تھی جبکہ یہ واضح ہے کہ قانون کے مطابق کسی بھی پنشنر کو دس ہزار روپے ماہانہ سے کم پنشن ادا نہیں کی جاسکتی۔ اس غیر یقینی صورت حال کے نتیجے میں ملک بھر کے 40 ریجنل آفسز میں نئے پنشن کیسز بھی التواکا شکار تھے۔ متنازع سرکلر کی باز گشت ای او بی آئی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے گزشتہ اجلاس میں بھی سنی گئی تھی اور بورڈ میں ملازمین کے نمائندوں نے اس پر سخت احتجاج کرتے ہوئے اسے کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ چنانچہ اس سلسلے میں قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر جاوید احمد شیخ کی ہدایت پر حامد علی خان ڈائریکٹر بینی فٹس اینڈ کنٹری بیوشن I، کراچی نے 7 نومبر2024ء کو نیا سرکلر نمبر 25 -02/2024ء جاری کرکے پچھلے متنازع سرکلر کو واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔