ہمدرد فائونڈیشن کے تحت مستحق طلبہ کیلیے اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام متعارف

93
ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر سعدیہ راشد برلٹس انسٹی ٹیوٹ میں ہمدرد اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کی افتتاحی تقریب میں پروگرام کا حصہ بننے والے طلبہ سے خطاب کررہی ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سید محمد ارسلان، برلٹس انسٹی ٹیوٹ کے کنٹری منیجر اور طلبہ بھی تصویر میں موجود ہیں

کراچی (پ ر) ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی جانب سے ضرورت مند اور مستحق طلبہ کو عصر حاضر کے مطابق جدید مضامین سے روشناس کروانے اور ہنر مند بنانے کے لیے ہمدرد اسکل ڈولپمنٹ پروگرام کے نام سے چار ماہ کی مدت کا ہنر مندی کورس متعارف کروایا جارہا ہے جو برلٹس انسٹی ٹیوٹ میں سکھایا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت ہنرمندی کے کورس کے ساتھ انڈسٹری پارٹنرز کی حمایت سے طلبہ کے باعزت روزگار کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ اس پروگرام کی افتتاحی تقریب برلٹس انسٹی ٹیوٹ میں منعقد ہوئی جس میں ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر سعدیہ راشد نے بہ طور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر سید محمد ارسلان، برلٹس انسٹی ٹیوٹ کے کنٹری منیجر ندیم حق اور پروگرام میں داخل ہونے والے پہلے بیج کے ستر طلبہ بھی شریک ہوئے۔ سعدیہ راشد نے داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارک باد پیش کی اور کہاکہ آج کے جدید زمانے میں نوجوانوں کا ہنر مند ہونا ملکی تعمیر و ترقی کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ بانی ہمدرد پاکستان شہید حکیم محمد سعید پاکستانی نوجوانوں کو عصری تقاضوں کے مطابق تیار کرنے کے اپنے مشن پر پوری عمر کار بند رہے۔ ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر سید محمد ارسلان نے پروگرام کے خد و خال بیان کرتے ہوئے کہاکہ اس پروگرام کے تحت ہمدرد فائونڈیشن تمام طلبہ کی فیس ادا کرے گا جبکہ برلٹس انسٹی ٹیوٹ طلبہ کومطلوبہ تربیت و ہنر سے آراستہ کرے گا۔ ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی یہ سہولت قرض حسنہ کے اسلامی ماڈل کومد نظر رکھ کر ترتیب دی گئی ہے جس میں طلبہ اپنی تربیت مکمل کرنے کے بعد جب برسر روزگار ہوجائیں تو معمولی اقساط میں اس رقم کی ادائیگی کریں تاکہ دوسرے طلبہ بھی اس سہولت سے استفادہ کرسکیں۔