پیپلز ہاؤسنگ اسکیم محض ایک پروجیکٹ نہیں ‘اس سے کہیں آگے ہے‘ شرجیل

84

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز ہاؤسنگ اسکیم محض ایک پروجیکٹ نہیں، اس سے کہیں آگے ہے۔ انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور حکومت سندھ سیلاب میں بے گھر ہونے اور اپنا سب کچھ کھونے والے افراد کا درد سمجھتی ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کا ویژن محض گھروں کی تعمیر نہیں، عوامی خدمت اور سیلاب متاثرین کی امید و وقار کی بحالی ہے جبکہ حکومت سندھ 21 لاکھ خاندانوں کے لیے نئے گھروں کی تعمیر ہی نہیں ان کی زندگیوں کی بھی تعمیر نو کر رہی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول زرداری کی ہدایات کی روشنی میں حکومت سندھ سیلاب متاثرین کو اپنا وقار لوٹانے کے لیے سرگرم ہے۔ ہائوسنگ پروجیکٹ اس بات کی گواہی ہے کہ حکومت سندھ ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور پیپلز پارٹی عوامی خدمت اور مجموعی فلاح و بہبود کو ہمیشہ مقدم رکھتی ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ حقیقی عوامی خدمت کیسی ہوتی ہے۔ بی آئی ایس پی سے لے کر ہائوسنگ پروجیکٹ تک پیپلز پارٹی نے جو بھی پروجیکٹس لانچ کیے‘ وہ دوسرے صوبوں کے لیے ماڈل ہیں۔