ایڈیلیڈ (مانیٹرنگ ڈیسک) دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی جبکہ پاکستانی ٹیم ایڈیلیڈ کے تاریخی گراؤنڈ میں 28 سال بعد پہلا ون ڈے میچ بھی جیتنے میں کامیاب ہوئی، بالرنے میزبان ٹیم کو 163 پر ڈھیر کردیا، حارث کی جارحانہ بالنگ،5وکٹیں لے کر مردمیدان قرار پائے ۔کپتان رضوان نے 6 کیچ پکڑ کر عالمی ریکارڈ برابر کردیا جبکہ حارث رؤف نے ثقلین اور شاہین کا ریکارڈ توڑ دیا، گرین شرٹس نے 164 رنز کا ہدف 26.3اوورزمیں ایک وکٹ پر پورا کرلیا،اوپنر صائم ایوب نے82 رنز بنائے،شاندار کارکردگی پر وزیراعظم شہباز شریف ،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ،اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی قومی ٹیم کو مبارکباد۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے 3 میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ میچ میں پاکستانی باؤلرز نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا اور ابتدا سے ہی آسٹریلوی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار نظر آئی، پوری ٹیم 35 اوورز میں 163 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے فاسٹ بالر حارث رؤف نے 5، شاہین شاہ آفریدی نے 3، محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک شکار کیا۔ ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس نے پراعتماد بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 26.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 164 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ یہ 2017 کے بعد پہلی بار آسٹریلوی سرزمین پر آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی پہلی فتح ہے۔ اوپننگ بلے باز صائم ایوب 71 گیندوں پر 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عبداللہ شفیق 64 رنز اور بابر اعظم 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، شاندار بالنگ کرنے پر حارث رؤف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ حارث رؤف نے 30 اکتوبر 2020 کو ون ڈے ڈیبیو کیا جس کے بعد سے حارث نے 39 میچز میں 77 وکٹیں حاصل کی ہیں جو کہ اس عرصے میں کسی بھی فل ممبر ٹیم کے فاسٹ بولر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔ حارث کی یہ پاکستان کے کسی بھی بولر کے کیرئیر کے ابتدائی 39 میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں بھی ہیں، ایڈیلیڈ میں5 وکٹ لے کر انہوں نے اسپنر ثقلین مشتاق اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا ریکارڈ توڑ دیا جو اپنے ابتدائی 39 میچوں میں 76 ، 76 وکٹیں حاصل کرچکے تھے۔ کپتان رضوان نے 6 کیچ پکڑ کر عالمی ریکارڈ برابر کردیا،34ویں اوور میں قومی وکٹ کیپر کو ساتواں کیچ پکڑنے کا موقع ملا، تاہم وہ نسیم شاہ کی گیند پر ایڈم زمپا کا کیچ پکڑنے میں ناکام رہے اور ایک عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے سے محروم رہے۔اس سے قبل سرفراز احمد، ایڈم گلکرسٹ، مارک باؤچر، ایلک اسٹیورٹ، میٹ پرائیر، کوئنٹن ڈی کاک، جوز بٹلر اور میتھیو کراس بھی ایک میچ میں 6 کیچ پکڑنے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔