ہمیں بھارت کے ساتھ مل کر اسموگ ختم کرنے کیلئے اقدامات کرنے ہونگے، عظمیٰ بخاری

6

لاہور:وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ہمیں بھارت کے ساتھ مل کر اسموگ ختم کرنے کیلئے اقدامات کرنے ہونگے، ہم بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر لارہے ہیں، جو اس ٹیکنالوجی پر نہیں جائیں گے وہ پنجاب میں کام نہیں کرسکیں گے، گزشتہ 8ماہ میں سینکڑوں بھٹوں میں سے کئی مسمار کیے گئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہاکہ  فیصل آباد ویسے بھی انڈسٹریل اسٹیٹ ہے، اسموگ صرف پاکستان میں ہے اور باقی ممالک میں نہیں، بیجنگ آخری 26سالوں سے سموگ سے مقابلہ کررہا ہے، وہ لوگ اپنی انڈسٹری کو بیجنگ سے دور لے کر جارہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہاکہ بھارت اور چین بھی اسموگ کے حوالے سے اقدامات کررہے ہیں، چین نے اپنی تمام انڈسٹریز کو بیرون شہر منتقل کردیا ہے، بھارت بھی اس حوالے سے مزید اقدامات کررہاہے، بھارت بھی اسموگ والے معاملے پر کام کرنے کیلئے تیار ہے، ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا، اگر اسموگ ڈپلومیسی شروع ہوجائے تو اس سے بہتر کوئی بات نہیں ہوسکتی۔

عظمی بخاری کاکہنا تھا کہ  اسموگ کو کم کرنے کے لئے ہمیں اپنے لائف سٹائل میں تبدیلی لانا ہوگی، ہمیں بھی اپنے لوگوں کو مرنے سے بچانا ہوگا۔