بجلی بلز میں کمی کا وِنٹر پیکیج:عوام اور صنعتوں کو بچت، معیشت مضبوط ہوگی، وزیراعظم

87
empower the youth

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی بلز میں کمی کے لیے اعلان کیے گئے ونٹر پیکیج سے عوام اور صنعتوں کو بچت کے ساتھ ساتھ معیشت بھی مضبوط ہوگی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں یوم اقبال کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے سردیوں میں 3 مہینے کے لیے (دسمبر تا فروری) بجلی کے اضافی استعمال پر ونٹر پیکیج کا اعلان کیا ہے، جس  کے تحت بجلی کے بلز میں رعایت دی جائے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دسمبر سے فروری کے بلوں میں گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ ریٹ 26.7 پیسے ہوگا اور اس سے گھریلو صارفین کو 11.42 پیسے سے 26 روپے تک کی بچت ہوگی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ونٹر پیکیج پورے  ملک کے لیے ہے۔ اس سے صنعتوں کو بھی 5.72 روپے سے لے کر 15 روپے تک کی بچت ہوگی۔ کمرشل صارفین کے لیے بھی اس پیکیج سے 13.46 روپے سے لے کر 22 روپے تک کی بچت ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی کمی میں لاگت سے زراعت، صنعت اور کاروبار و برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی، اس سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی، بجلی کی قیمتوں میں کمی سے پاکستانی معیشت مضبوط اور درجہ بندی تیزی سے بہتر ہوگی۔