ایمسٹرڈیم:نیدرلینڈز میں فلسطینی پرچم کی توہین پر تصادم میں 11 اسرائیلی زخمی اور 2 لاپتا ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق فٹبال میچ کے موقع پر اسٹیڈیم کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں اور اسرائیلی شائقین کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا۔ عرب میڈیا کے مطابق لڑائی کا آغاز اس وقت ہوا جب اسرائیلی شائقین نے احتجاج کرنے والوں پر جملے کسنے شروع کیے اور اس موقع پر اسرائیلی شائقین نے فلسطینی پرچم کی توہین بھی کی۔
اسرائیلیوں کی جانب سے پرچم کی توہین کیے جانے پر فلسطینی مشتعل ہو گئے اور اس دوران اسرائیلی شائقین کے ساتھ تصادم کی صورت حال پیدا ہو گئی، جس میں 11اسرائیلی زخمی ہو گئے جب کہ 2 لاپتا ہیں۔ تصادم کے دوران اسرائیلی شائقین نے ایک عرب ٹیکسی ڈرائیور پر وحشیانہ تشدد کیا اور اسے نیم مردہ حالت میں چھوڑ کر بھاگ گئے۔
دریں اثنا فٹبال میچ کے دوران ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کا اعلان کیا گیا، جس کا مقصد سیلاب میں ہلاک ہونے والے افراد سے اظہار عقیدت تھا، تاہم اسرائیلی شائقین نے اسٹیڈیم میں ہنگامہ اور شور شرابہ جاری رکھا۔
اسرائیلی شائقین میچ کے دوران عربوں کے خلاف گانے گاتے رہے، جس سے فلسطینی حامیوں میں اشتعال پیدا ہوا۔
دوسری جانب صہیونی وزیراعظم نے نیدرلینڈز سے اپنے شہریوں کو فوری طور پر واپس بلانے کے لیے 2 خصوصی طیارے ہنگامی طور پر بھیجنے کا حکم دیا ہے۔اسرائیلیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طیارے پہنچنے تک اپنے ہوٹلوں میں رہیں۔