ونٹر پیکیج:حکومت اضافی بجلی پر نہیں، تمام یونٹس پر قیمت کم کرے، حافظ نعیم

99
Immediate relief on electricity bills

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت اضافی بجلی پر نہیں بلکہ تمام یونٹس پر  بجلی کی قیمت کم کرے۔

حکومت کی جانب سے ونٹر پیکیج کے نام سے تین ماہ کے لیے بجلی  کے بل میں ریلیف  دینے کے اعلان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حکومت اضافی بجلی پر نہیں بلکہ براہ راست تمام یونٹس پر بجلی کی قیمت کم کرے۔

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بیان میں امیرِ جماعت کا کہنا تھا کہ ونٹر پیکیج گھن چکر ہے اور یہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔

متعدد آئی پی پیز معاہدوں کی منسوخی/نظر ثانی پرحکومت خود سیکڑوں ارب کی بچت کا اعلان کررہی ہے تو پھر بنیادی ٹیرف میں کمی کیوں نہیں کی جارہی؟۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے سردیوں میں تین ماہ (دسمبر تا فروری) کے لیے ونٹر پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں صارفین سے گزشتہ سال کے مقابلے میں استعمال ہونے والی اضافی بجلی  پر ریلیف دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔