لاہور:شاعر مشرق سر ڈاکٹرعلامہ اقبال کا147واں یوم ولادت کل منایا جائے گا، اس حوالے سے ملک بھر میں مختلف سیمینارز اور دیگر پروگرامات منعقد کیے جائیں گے جبکہ علامہ اقبال کے مزار پر صوبائی وزراء سمیت دیگر اہم شخصیات حاضری دے کر گلدستے رکھیں گی ، اس موقع پر مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی بھی تقریب منعقد کی جائے گی۔
میڈیار پورٹس کے مطابق کل تمام ٹی وی چینلز پر علامہ اقبال ؒ کے حوالے سے خصوصی نشریات نشر کی جائیں گی جبکہ اخبارات سمیت دیگر ادارے خصوصی میگزین شائع کریں گے، جس میں علامہ اقبالؒ کے حالات زندگی اور شاعری سمیت دیگر سبق آموز واقعات سے عبارت ہونگے۔
علامہ اقبال کی زندگی پر مختصر نظر:
ملت اسلامیہ کو ’’ لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری ‘‘ جیسی آفاقی فکر دینے والے بیسویں صدی کے عظیم صوفی شاعر ،قانون دان اور تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیت ڈاکٹر سر علامہ اقبال9نومبر 1877ء کوسیالکوٹ میں پیدا ہوئے، علامہ اقبال جدید دور کے صوفی شاعر تھے انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے امت مسلمہ میں انقلابی روح بیدار کی ان کی شاعری میں تصوف اور احیائے اسلام کا رنگ نمایا ں تھا۔
علامہ اقبالؒ کی شاعری کی کتب کی انگریزی،جرمن،روسی،فرانسیسی،چینی،جاپانی اور دیگر زبانوں میں تراجم شائع ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے دنیا بھر میں آپ کو عظیم مفکر تسلیم کیا جاتا ہے، علامہ محمد اقبالؒ کا بطور سیاستدان عظیم ترین کارنامہ نظریہ پاکستان کی تشکیل ہے یہ نظریہ بعد میں پاکستان کے قیام کی بنیاد بنا ۔
شاعر مشرق پاکستان کی آزادی سے قبل 21اپریل 1938ء کو انتقال کر گئے تھے لیکن قیام پاکستان میں ان کے عظیم کارناموں کے اعتراف میں انہیں قومی شاعر کا درجہ دیا جاتاہے ۔