عدالت عظمیٰ اورہائیکورٹس ججز کے ہائوس رینٹ اور جوڈیشل الائونسز میں اضافہ

115

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت پاکستان نے عدالت عظمیٰ اور ہائی کورٹ کے ججز کے ہاؤس رینٹ اور جوڈیشل الاؤنس میں اضافہ کردیا ہے۔ قائم مقام صدر پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کی منظوری سے جاری صدارتی ترمیمی حکم نامے کے مطابق عدالت عظمیٰ کے ججز کا ہاؤس رینٹ 68 ہزار روپے سے بڑھا کر 3 لاکھ 50 ہزار روپے کردیا گیا ہے جبکہ جوڈیشل الاؤنس 4 لاکھ 28 ہزار 40 روپے سے بڑھا کر 11 لاکھ 61 ہزار 163 روپے کردیا گیا ہے۔ اسی طرح ہائی کورٹ کے ججز کا ہاؤس رینٹ بھی 65 ہزار سے بڑھا کر 3لاکھ 50 ہزار روپے کر دیا گیا جبکہ جوڈیشل الاونس 3 لاکھ 42 ہزار سے بڑھا کر 10 لاکھ 90 ہزار کردیا گیا۔ قائم مقام صدر کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف کی جانب سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا، اس وقت عدالت عظمیٰ میں ججز کی تعداد 17 ہے جبکہ پارلیمان کی جانب سے حال ہی میں پاس کیے گئے قانون کے مطابق عدالت عظمیٰ کے ججز کی مجموعی تعداد 34 کردی گئی ہے تاہم ابھی تک دیگر 17 نشستوں پر ججز کی تقرری باقی ہے۔