تعلیم کے فروغ میں نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے ،وزیراعظم

36

اسلام آباد (آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں تعلیم کے فروغ میں نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے ،نجی تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء نے ہر شعبے میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے ،گلگت بلتستان کی ترقی اور وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،گزشتہ روز گلگت بلتستان کے دورے کے دوران سیلاب سے 62 متاثرہ خاندانوں کو گھر حوالے کیے گئے ہیں ،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں تھاگوس ، ضلع گھانچے کے مقام پر قائم کی جانے والی رمدے یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی ۔سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔رمدے یونیورسٹی ایک ٹرسٹ کے تحت قائم کی جا رہی ہے۔رمدے یونیورسٹی کی تعمیر سمندر پار پاکستانیوں سمیت پاکستان بھر سے مخیر افراد کے تعاون سے مکمل ہو گی ۔وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں جسٹس (ر) خلیل الرحمن رمدے اور اْن کے تمام احباب کو دِل کی گہرائیوں سے ’رمدے یونیورسٹی‘ کے قیام کی مبارک پیش کرتا ہوں ،رمدے یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے تعاون کرنے والے تمام اداروں اور افراد کی کوششیں لائق تحسین ہیں،آج ہم سب نے مل کر یہاں کے بچوں اور بچیوں کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھی ہے ،گلگت بلتستان کے گھانچے جیسے دور دراز علاقے میں اعلیٰ تعلیم کے ادارے کا قیام انتہائی خوش آئند ہے،مجھے یقین ہے کہ 11 ہزار فٹ کی بلندی پر تھاگوس کے مقام پر قائم ہونے والی یہ یونیورسٹی جدید علوم اور تحقیق کے معیار کی بلند چوٹیاں سر کرے گی۔ اِن شاء اللہ، گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ شمسی توانائی کے مختلف منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے جو کہ علاقے کی بجلی کی ضروریات پورا کرنے میں مدد دے گا ۔انہوں نے کہا کہ کل ہی گلگت بلتستان ایجوکیشن اینڈاومینٹ فنڈ کا اعلان کیا ہے جس سے گلگت بلتستان کے قابل اور مستحق طلباء مستفید ہو سکیں گے اور معاشرے کے تعمیری فرد کے طور پر پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے ۔تقریب میں جسٹس (ر) خلیل الرحمن رمدے کی رمدے یونیورسٹی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ رمدے یونیورسٹی گلگت بلتستان کے ضلع گھانچے کے علاقے تھاگوس میں 200 کنال رقبے پر قائم کی جا رہی ہے ۔رمدے یونیورسٹی دنیا کے بلندترین مقامات پر تعمیر کی جانے والی یونیورسٹیوں میں سے ایک ہو گی ۔یونیورسٹی میں ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی ، ہائیڈرولوجی، معدنیات سمیت دیگر مضامین کی تعلیم دی جائے گی ۔اسفند یار ولی رمدے اسکول گھانچے کے طلباء نے قومی ترانہ پیش کیا۔ اسفند یار ولی اسکول گھانچے کے طلبہ و طالبات نے وڈیو لنک کے ذریعے تقریب میں شرکت کی۔