پشاور (آن لائن) پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو ایک ماہ کی حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے کسی بھی درج مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد نے عمر ایوب کی مقدمات کی تفصیل کیلیے دائر درخواست پر سماعت کی، عدالت نے مقدمات کی تفصیلات کیلیے متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا بھی حکم دیا۔ دوران سماعت وکیل درخواست گزار عالم خان نے کہا کہ درخواست گزار قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہے اور جوڈیشل کمیشن کا رکن بھی ہے۔ درخواست گزار کے خلاف 21 مقدمات درج ہیں، اس میں ضمانت کی جائے، باقی کا ہمیں پتا نہیں کہ کتنے اور مقدمات ہیں، درخواست گزار کو دیگر درج مقدمات کی تفصیل بھی فراہم کی جائے۔ عدالت نے دلائل کے بعد عمر ایوب کو ایک مہینے کی حفاظتی ضمانت دے دی۔