لاہور (اسپورٹس ڈیسک) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے پہلے دن کے کھیل کی خاص بات لاہور وائٹس کے احمد بشیر کی اسلام آباد کے خلاف اور ایبٹ آباد کے محمد عادل کی لاڑکانہ کے خلاف 7,7وکٹوں کی عمدہ کارکردگی تھی۔ احمد بشیر اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 22 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہوگئے۔ سیالکوٹ کے اذان اویس اور عاشر محمود نے ڈیرہ مراد جمالی کے خلاف اوپننگ ڈبل سنچری شراکت داری قائم کی۔ شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کراچی وائٹس اور راولپنڈی کے درمیان میچ پچ کی صورتحال کے سبب 12ویں اوور میں روک دیا گیا۔ اسوقت کراچی وائٹس نے 3 وکٹوں پر28 رنز بنائے تھے نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں لاڑکانہ کی ٹیم ایبٹ آباد کے خلاف صرف 63 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد عادل نے صرف 16 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔ ایبٹ آباد نے کھیل ختم ہونے پر 81 رنز بنائے تھے اور اس کے2 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ اشفاق گراؤنڈ چارسدہ میں آزاد جموں کشمیر کی ٹیم پشاورکے خلاف 171 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ساجد خان نے52 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں پشاور نے کھیل ختم ہونے پر 2 وکٹوں پر 74 رنز بنائے تھے۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں حیدرآباد کی ٹیم فیصل آباد کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے96 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔کاشف بھٹی 36 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ اسد رضا اور شاہد علی نے4,4 وکٹیں وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں فیصل آباد نے 8 وکٹوں پر212 رنز بنائے تھے۔محمد فیضان نے 83 رنز اسکور کیے۔ بلاول بھٹی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سعید اسپورٹس سٹی لاہور میں کوئٹہ کی ٹیم لاہور بلوز کے خلاف پہلی اننگز میں 101 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔شہباز خان 57 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ نثار احمد نے 25 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور بلوز نے5 وکٹوں پر36 رنز بنائے تھے۔