عدالت عظمیٰ میں آئینی مقدما ت کی چھانٹی شروع

25

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ میں آئینی مقدما ت کی چھانٹی شروع کردی گئی، سیکڑوں فائلیں جمع کی گئی ہیں مزید کا بھی جائزہ لیاجا رہا ہے، نئی آئینی درخواستوں کو الگ سے ترتیب دیا جارہا ہے، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ ان درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ پیر سے قبل نئے آئینی بینچ کا تمام عملہ اور سیکرٹریٹ کا فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے، اس کے فوری بعد آئینی درخواستوں کو اس سیکرٹریٹ میں منتقل کردیا جائے گا۔ آن لائن کوذرائع نے بتایاہے کہ درخواستوں کو نئی ترتیب دی جارہی ہے، ان درخواستوں پر نئے آئینی بینچ کے تحت نمبربھی درج کیے جائیں گے، پچھلے سالوں کی زیر التواء درخواستوں کی الگ فہرست بنائی جارہی ہے ان پر الگ سے نمبرز درج کیے جائیں گے اور نئی درخواستوں کو الگ ترتیب دی جارہی ہے۔ بہت زیادہ ضروری اور اہمیت کے حامل مقدمات کو ان کی اہمیت کے پیش نظر سماعت کیلیے مقرر کیا جائے گا۔