اسلام آباد (اے پی پی)وزیر اعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے نئے تعینات ہونے والے سفیر نذیراوغلو اور نیپال کے سبکدوش ہونے والے سفیر تاپاس ادھیکاری سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے ترکیہ کے نئے سفیر کی تعیناتی پر ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے مابین دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے صدر رجب طیب اردوان کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ترک صدر کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے نیپال کے سبکدوش ہونے والے سفیر تاپاس ادھیکاری کی الوداعی ملاقات میں کہا کہ پاکستان نیپال کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ نیپالی سفیر نے وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کی تعریف کی اور پاکستان میں سفارتی دورانیہ میں ان کو دی جانے والی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔