لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کی فضائی آلودگی میں کمی نہ آسکی دنیا میں آلودہ ترین شہروں کے فہرست میں سر فہرست بن گیا ہے ۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق صبح شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) خطرناک حد تک بڑھ گیا، جس میں ڈیفنس فیز 8 کا AQI 1,254 جبکہ شہر کا اوسط AQI 822 ریکارڈ کیا گیا۔
سوئس IQAir کی فہرست کے مطابق، لاہور کا AQI 784 کے ساتھ پہلے نمبر پر جبکہ دہلی 433 کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق، شملہ ہلز اور امریکی قونصلیٹ کے علاقوں میں AQI 876 تک پہنچ گیا ہے اور آئندہ دنوں میں اسموگ میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
ماہرینِ صحت نے شہریوں کو اسموگ کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور باہر جاتے وقت ماسک پہننے کا مشورہ دیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ماحولیات عمران حمید شیخ نے لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان ڈویژنوں میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔
شدید اسموگ کے پیش نظر پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے چار ڈویژنوں میں 7 سے 17 نومبر تک بارہویں جماعت اور اے لیول تک کے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔