اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکا میں بھی اسٹیبلشمنٹ کی حکومت ہے، مجھے نہیں لگتا ٹرمپ عمران کی رہائی کیلئے کہیں گے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ بعض افراد کا کہنا ہے کہ امریکہ سے کال آنے کی دیر ہے اور عمران خان کو کال کرنے والوں کے حوالے کر دیا جائے گا اور پاکستان کال پہ انکار کرنے کی جرات نہیں کرسکتا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ نواز شریف کو کال کے ساتھ 5 ارب ڈالر کی آفر بھی تھی مگر انہوں نے انکار کیا اور ایٹمی دھماکا بھی کیا جبکہ مشرف کو کال آئی تو وہ لیٹ گیا اور جو کچھ حکم ملا اس سے زیادہ پہ راضی ہوا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 9/11 والی جنگ بند ہوچکی ہے، افغانستان میں امن ہے لیکن پاکستان دہشتگردی کی شکل میں آج بھی اسکے نتائج بھگت رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بیانات دینے والے وہ لوگ ہیں نواز شریف نے جب انکار کیا تو اسکے ساتھ تھے، مشرف نے جب ہتھیار ڈالے تو اسکے ساتھ تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ آپ ہی اپنی ادائوں پر ذرا غور کریں ہم اگر عرض کرینگے تو شکایت ہو گی۔